(اُردو ایکسپریس) ملک میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافہ متوقع ہے بشرطیکہ حکومت اضافی پیٹرولیم لیوی عائد نہ کرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل انڈسٹری کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 270 روپے 3 پیسے سے بڑھ کر 274 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک جاسکتی ہے۔ اس اضافے کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فری آن بورڈ(FOB) قیمت میں اضافہ بتایا جا رہا ہے، جو 139.03 ڈالر سے بڑھ کر 143.01 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پریمیم اور دیگر اخراجات میں معمولی کمی کے باوجود مجموعی اضافے کو روکا نہ جاسکاجبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کی سابقہ ایڈجسٹمنٹ ختم ہونے سے بھی قیمت میں اضافہ ہوا۔دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف 20 پیسے فی لیٹر اضافے کی توقع ہے، ڈیزل کی عالمی قیمت میں نمایاں اضافے کے باوجود کسٹمز ڈیوٹی اور دیگر اخراجات میں کمی کے باعث صارفین پر اضافی بوجھ محدود رہنے کا امکان ہے۔ صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین عالمی منڈی میں قیمتوں کے اثرات فوری محسوس کریں گے جبکہ ڈیزل کی قیمت کو حکومتی پالیسی اقدامات نے نسبتاً مستحکم رکھا ہے۔ حتمی قیمتوں کا اعلان حکومت کی جانب سے ٹیکس، لیوی اور شرح مبادلہ سے متعلق فیصلوں کے بعد کیا جائے گا۔