(اردو ایکسپریس) بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر 9 ماہ سے پھنسے امریکی خلاباز بوچ ولمور اور سنی ولیمز بالآخر زمین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ ناسا کے مطابق وہ ایک اور امریکی اور روسی خلا باز کے ہمراہ منگل کی شام اسپیس ایکس کے کریو ڈریگن کرافٹ میں سوار ہو کر زمین پر اتریں گے۔
یہ دونوں خلاباز بوئنگ اسٹار لائنر خلائی جہاز کی جانچ کے لیے گئے تھے، مگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ان کی واپسی تاخیر کا شکار ہوگئی۔ ان کا مشن چند دنوں کا تھا لیکن یہ 9 ماہ تک خلا میں رہے، جو معمول کے 6 ماہ کے قیام سے کہیں زیادہ ہے۔ تاہم، یہ ناسا کے فرینک روبیو کے 371 دنوں کے امریکی خلائی ریکارڈ یا روسی خلا باز والیری پولیاکوف کے 437 دنوں کے عالمی ریکارڈ سے کم ہے۔
خلابازوں کی واپسی کا منظر پیر کی شام سے براہ راست نشر کیا جائے گا، جبکہ ان کی لینڈنگ فلوریڈا کے ساحل کے قریب متوقع ہے۔