(اردو ایکسپریس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے فائنل میچ کیلئے شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔
فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کل سے آن لائن شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد کرکٹ شائقین میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل فائنل کے انتظامات اور ٹکٹنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ایس ایل حکام نے مجوزہ پلان پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ اجلاس میں اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات، شائقین کی سہولت اور لاجسٹکس کے معاملات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
ٹکٹوں کے مجوزہ نرخوں کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی دیں گے، جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ ٹکٹوں کی فروخت ابتدائی طور پر آن لائن پلیٹ فارم پر شروع کی جائے گی، جبکہ پرنٹنگ مکمل ہونے کے بعد فزیکل ٹکٹ بھی جلد دستیاب ہوں گے۔شائقین کرکٹ کیلئے ایک خوش آئند پیش رفت کے طور پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے، جس سے میچ کی رونقیں دوبالا ہونے کی توقع ہے۔
کرکٹ شائقین اس فیصلے کا خیر مقدم کر رہے ہیں اور ٹکٹوں کی فروخت شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔