(اُردو ایکسپریس) خطے میں امن کی کوششیں،اسلام آباد پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا،اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر پر مشتمل دو رکنی امریکی وفد آج اسلام آباد کےلئے روانہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وفد کا استقبال کیا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے، ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال ہوگا،ایرانی وزیرخارجہ مسقط اور ماسکو کا بھی دورہ کریں گے۔
دوسری جانب اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر پر مشتمل دو رکنی امریکی وفد اسلام آباد آئے گاوائٹ ہاؤس نے وفد کی آج روانگی کی تصدیق کردی۔ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایران کی طرف سے پیش رفت دیکھی گئی ، جے ڈی وینس امریکا میں موجود رہ کر صورت حال پر نظر رکھیں گے۔ ضرورت پڑنے پر سب کو پاکستان روانگی کے لیے اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا،مذاکرات کے لیے ایران نے خود رابطہ کیا،بالمشافہ ملاقات کی درخواست کی،پاکستان مذاکرات کے عمل میں حیرت انگیز ثالث رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورے میں ایران اور امریکا کے حکام کے درمیان کوئی میٹنگ طے نہیں۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کی وضاحت میں کہا کہ پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں ایرانی وفد اپنے مشاہدات پاکستان کو فراہم کرے گا۔ امریکا کی مسلط کردہ جارحانہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور پر بات ہوگی۔پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی سے متعلق امور پر گفتگو ہوگی ۔