پاکستان تازہ ترین

علامہ اقبال کی فکر کا بنیادی نکتہ امت مسلمہ کا اتحاد تھا: محسن نقوی

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا جو آج بھی پہلے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق اقبال کی فکر کا بنیادی نکتہ امت مسلمہ کا اتحاد تھا اور وہ مسلمانوں کو رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے نزدیک مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں جن کی طاقت باہمی اتحاد، اخوت اور مشترکہ مقصد میں پوشیدہ ہے، اقبال نے مسلمانوں کو یہ احساس دلایا کہ غلامی تقدیر نہیں بلکہ کمزوری ہے جسے خودی اور عمل سے بدلا جا سکتا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ خطبہ الہ آباد میں علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا جو بعد میں حقیقت بنا، ان کے مطابق اقبال نے نوجوانوں کو “شاہین” کا تصور دے کر بلند پروازی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کے دور میں جب مسلمان تفرقے اور انتشار کا شکار ہیں، اقبال کا پیغام اتحاد اور خودی انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے، انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اقبال کی فکری تعلیمات کی روشنی میں استوار کرنا چاہیے۔ محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری محض الفاظ نہیں بلکہ ایک انقلابی پیغام ہے جو امت مسلمہ کو بیدار کرنے کا ذریعہ بنی، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقبال کے افکار کو قومی سوچ اور اجتماعی طرزِ فکر کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے