(اُردو ایکسپریس) امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جہاں پاک فوج، پاکستان رینجرز، اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کر دیئے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں، جبکہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس سروس معطل ہے اور راولپنڈی کے اہم مقامات فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر چونگی کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر سرکاری دفاتر کے ملازمین کو آج گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ سرکاری و نجی جامعات میں کلاسز آن لائن منتقل کر دی گئی ہیں،ریڈ زون میں قائم تمام وزارتیں، ڈویژنز اور وفاقی ادارے بھی ورک فرام ہوم کریں گے۔عدالتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، وفاقی آئینی عدالت میں آج عدالتی کارروائی معطل رہے گی اور 21 اپریل کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔