(اردو ایکسپریس) اڈیالہ جیل میں ڈاکٹروں کی ٹیم بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا معائنہ کرکے واپس چلی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال اور الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے چار رکنی ڈاکٹرز کے وفد کی اڈیالہ جیل آمدہوئی،ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا طبی معائنہ کیا۔چار رکنی ڈاکٹرز کے وفد میں پروفیسر ندیم قریشی اور ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔ ڈاکٹر آفاق احمد اور ڈاکٹر عمر فاروق بھی ڈاکٹرد کی ٹیم میں شامل تھے۔ جیل ذرائع کا مزید کہناتھا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کا دو گھنٹے تک طبی معائنہ کیا۔بشریٰ بی بی نے آنکھوں میں بینائی کے حوالے سے شکایت کی تھی۔ بشریٰ بی بی کا اس سے قبل بھی اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔میڈیکل ٹیم آنکھوں کے علاج کیلئے جدید آلات ساتھ لائی تھی۔میڈیکل ٹیم کو اڈیالہ جیل ہسپتال کے طبی عملہ کی بھی معاونت حاصل تھی۔میڈیکل ٹیم نے بشریٰ بی بی کو آئی ڈراپس اور کچھ دوائیاں تجویز کی ہیں۔ بشری بی بی کے طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔