(اُردو ایکسپریس) حکومت نے سستے تیل کی فراہمی کا منصوبہ فی الحال مؤخر کردیا جبکہ وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ نے بھی ایپلی کیشنز کی تیاری روکنے کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو سبسڈی پر سستا پیٹرول فراہم کرنے کا منصوبہ فی الحال مؤخر کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان پیٹرول سبسڈی کے طریقہ کار اور مالی بوجھ پر تاحال اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا ہے، اس عدم اتفاق کے باعث سستے پیٹرول کی تقسیم کے لیے تیار کی جانے والی خصوصی موبائل ایپلی کیشن کا کام بھی فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے منصوبے کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایپلی کیشن کے ذریعے تیل کی فراہمی اب حکومتی منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ آئی ٹی جلد ہی عوام کو اس ایپلی کیشن کے حوالے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دے گی۔وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں فیول کی فراہمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، بلکہ حکومت کو اس وقت اصل چیلنج ‘بیلنس آف پیمنٹس’ (ادائیگیوں کے توازن) کا ہے۔