(اُردو ایکسپریس) پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد اب پٹرولیم کمپنیوں نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، نیند سے جاگتے ہی مہنگائی کا زبردست جھٹکا لگا ہے، دہلی میں سی این جی کی قیمتوں میں دو روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافی قیمتوں کے بعد سی این جی کی قیمت بڑھ کر 83.09 روپے فی کلو ہو گئی ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق آج 26 مئی سے ہو گیا ہے۔ واضح رہے 15 مئی سے پٹرولیم کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چار مرتبہ اضافہ کیا ہے سی این جی کی قیمتوں میں بھی لگاتار اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ جب سے ایندھن کی قیمتوں پر نظرثانی 15 مئی کو طویل منجمد کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تھی تازہ ترین نظرثانی کے ساتھ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی اضافہ تقریباً ساڑھے سات روپے فی لیٹر ہے، وہیں گزشتہ 12 دنوں میں سی این جی کی قیمتوں میں فی کلو 6 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجہ مغربی ایشیا میں امریکہ اسرائیل اور ایران کے بیچ جاری تنازعہ کو بتایا جا رہا ہے، اس تنازعہ نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایران اور امریکہ کے بیچ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جس کے باعث آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل محدود ہوگئی ہے،ایران نے آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی کر دی ہے تو وہیں امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر دی ہے، جنگ سے قبل اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے دنیا کو 15 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی تھی جو اب محدود ہوکر رہ گئی ہے۔