(اردو ایکسپریس) عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری،مفت روزہ رسول ﷺ پر حاضری کے بعد مفت زیارات کا مطالبہ بھی سامنے آگیا ۔ قائمہ کمیٹی ارکان کو سرکاری خرچ پر زیارات پر بھجوانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے بعد سینٹ قائمہ کمیٹی مذہبی امور کی رکن کا انوکھا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری خرچ پر قائمہ کمیٹی ارکان کو ایران اور عراق بھجوایا جائے۔خاتون سینیٹر نے قائمہ کمیٹی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور سے مطالبہ کیا۔ سردار یوسف نے سرکاری خرچ پر زیارات کرانے کے مطالبے کو مناسب قرار دے دیا۔ سردار یوسف نے خاتون سینیٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ وزارت مذہبی امور اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کمیٹی کی مدد کرے گی۔ خاتون سینیٹر نے کہا کہ سینٹ کمیٹی ارکان کو سرکاری خرچے پر ایران اور عراق میں پروٹوکول بھی دیا جائے۔ ایران و عراق زیارت پر جانے کے لئے چئیرمین سینٹ سے بھی بات کرونگی۔ سردار یوسف نے خاتون سینیٹر کو مشورہ دیا کہ آپ چئیرمین سینٹ سے منظوری لیں۔