(اردو ایکسپریس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے شیڈول سے بہت آگے جارہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کو درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملہ نہ کرتے تو وہ اب تک ایٹمی ہتھیار بنا چکا ہوتا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے ایرانی کی فضائیہ اور نیوی کو مکمل تباہ کردیا ہے اور ہم اپنے شیڈول سے بہت آگے جارہے ہیں،یہ بہت ضروری تھا کہ ایران سے ایٹمی خطرے کو ختم کردیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ابھی خطے سے نکلنے کے لیے تیار نہیں، تاہم ہم بہت جلد وہاں سے نکل جائیں گے، امریکا کو مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک سے بڑی حمایت حاصل رہی لیکن نیٹو سے حمایت نہیں ملی، ہمیں اس کی ضرورت بھی نہیں لیکن انہیں خطے میں ہونا چاہیے تھا،نیٹو نے حمایت نہ کرکے بہت بڑی بیوقوفی کی ہے۔ یاد رہے کہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی امریکا اور اسرائیل کے حملے میں شہید ہوگئے۔ ایرانی حکام نے علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق کردی، ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملے میں علی لاریجانی کے بیٹے مرتضیٰ بھی شہید ہوگئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی کومشرقی تہران میں نشانہ بنایاگیا، وہ تہران کے مشرق میں اپنی بیٹی سے ملنے گئے ہوئے تھے۔