(اردو ایکسپریس) سعودی عرب میں قائم ایک اہم فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں امریکی فضائیہ کے پانچ فضائی ایندھن بردار طیاروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس بات کا انکشاف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے میزائلوں کی ایک لہر داغی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ طیارے سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر موجود تھے، جو خطے میں امریکی افواج کی اہم فوجی تنصیبات میں شمار کیا جاتا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق حملے کے وقت یہ طیارے زمین پر کھڑے تھے اور ایرانی میزائلوں کے نتیجے میں انہیں نقصان پہنچا۔ متاثر ہونے والے طیارے بوئنگ کے سی–135 اسٹریٹو ٹینکر طیارے ہیں جو جنگی طیاروں اور بمبار طیاروں کو فضا میں ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان طیاروں کی مدد سے لڑاکا طیاروں کی پرواز کا دورانیہ اور آپریشنل حد میں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔