(اردو ایکسپریس) والٹن، گوپال نگر اور نصیر آباد جمعرات کی صبح اُس وقت لرز اٹھے جب یکے بعد دیگرے تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تین زوردار دھماکے پرانے ایئرپورٹ کی سمت سے سنائی دیے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹنگ وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ دھماکے ایک جاسوس ڈرون کو مار گرانے کا نتیجہ تھے۔
خیال رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 اپریل کی شب اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی حملے میں 31 معصوم شہریوں کی شہادت اور 57 زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارتی حملے کے فوراً بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعدازاں عسکری اور سیاسی حکام نے اعلان کیا کہ یہ بھارتی کارروائی کا جواب نہیں تھا بلکہ اصل جواب ابھی باقی ہے۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فوج کو اپنے چنے ہوئے وقت، جگہ اور دستیاب وسائل کے زریعے جوابی کارروائی کی اجازت دے دی۔
جس کے بعد بھارت میں امرتسر کے حساس علاقے شری ہرمندر صاحب (گولڈن ٹیمپل) کے گردونواح میں رات بھر مکمل بلیک آؤٹ نافذ رہا۔ امرتسر کی مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بیرونی لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کی، جس سے علاقے میں رات بھر خوف، کشیدگی اور بےچینی کی فضا پائی گئی۔