(اُردو ایکسپریس) لالیاں میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہو گئی۔ لالیاں کے علاقے کانڈیوال روڈ پر واقع بشیر کالونی میں رات گئے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں زیرِ تعمیر مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی،حادثے کے وقت گھر کے افراد نیچے سو رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ وقار ولد تنویر، 20 سالہ وقاص ولد تنویر، 50 سالہ رضیہ بی بی زوجہ تنویر، اور 50 سالہ تنویر ولد غلام محمد شامل ہیں، جن کا تعلق بشیر کالونی سے بتایا جاتا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 18 سالہ زینب زوجہ وقار کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان کی زیر نگرانی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، ٹیموں نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیں جبکہ زخمی کو فوری طبی امداد دی گئی،واقعہ نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔