(اُردو ایکسپریس) نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے جوئے کی ایپلی کیشن کی تشہیر کے معاملے میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ، انس علی، اقراء کنول کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے ۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی ے کی جانب سے جاری کر دہ نوٹس میں واضح کہا گیاہے کہ تمام یوٹیوبرز 15 ستمبر کو صبح 11 بجے گلبرگ 2 میں واقع دفتر میں پیش ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کروائیں تاکہ منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جا سکے، بصورتِ دیگر، عدم پیشی کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا بیان دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا سٹارز کو 9 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کیئے گئے گئے تھے ۔ ان پر آن لائن ٹریڈنگ ایپس کے ذریعے مالیاتی فراڈ میں ملوث ہونا، نوجوانوں کو آن لائن جوا کھیلنے والی ایپ میں سرمایہ کاری پر اکسانا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے آن لائن جوا سرمایہ کاری کو فروغ دینا، اور غیر رجسٹرڈ و غیر لائسنس یافتہ آن لائن ایپس میں سرمایہ کاری پر قائل کر کے معصوم عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے کے لیے ایک منصوبہ بندی شدہ اسکیم تیارکرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے 17 اگست کو کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آن لائن جوئے کی ایپس کو فروغ دینے کے الزام میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان ذوالفقارعرف ڈکی بھائی کو گرفتار کیا تھا۔