(اُردو ایکسپریس) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے کرکٹر ہیری بروک پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت پر دو سال کی پابندی لگا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہیری بروک نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل آخری لمحات میں آئی پی ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جس کے نتیجے میں بی سی سی آئی نے ان پر 2 سیزن کی پابندی عائد کر دی۔
آئی پی ایل کے نئے قوانین کے مطابق، اگر کوئی غیر ملکی کھلاڑی نیلامی میں فروخت ہونے کے بعد سیزن کے آغاز سے قبل ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو جاتا ہے تو اسے آئندہ دو سیزن تک آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق، بی سی سی آئی نے اپنے فیصلے سے ہیری بروک اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہیری بروک نے چند روز قبل آئی پی ایل کے 18 ویں سیزن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا، جس کی وجہ انہوں نے اپنی توجہ مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ پر مرکوز رکھنا قرار دیا تھا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا، لیکن وہ اس سیزن میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے اور اس پر فرنچائز سے معذرت خواہ ہیں۔
ہیری بروک کو دہلی کیپیٹلز نے آئی پی ایل 2025 کے لیے خریدا تھا، تاہم وہ گزشتہ سیزن میں بھی ٹیم کے ساتھ معاہدہ منسوخ کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کا 18 واں سیزن 22 مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔