(اُردو ایکسپریس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بہتر کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پہلے میچ میں 9 وکٹوں کی شکست کے بعد خوشدل شاہ نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، اور جلد وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھ گیا تھا۔
اپنی بیٹنگ پوزیشن پر بات کرتے ہوئے خوشدل نے کہا کہ جب وہ کھیلنے آتے ہیں تو یا تو ٹیم مشکل میں ہوتی ہے یا پھر چند اوورز باقی ہوتے ہیں، لیکن ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کریں۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان 18.4 اوورز میں صرف 91 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا، جس میں خوشدل شاہ 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 11 ویں اوور میں ہی میچ اپنے نام کرلیا۔
پاکستانی ٹیم اب کرائسٹ چرچ سے ڈونیڈن پہنچ چکی ہے اور آج آرام کرے گی، جبکہ سیریز کا دوسرا میچ کل مقامی وقت کے مطابق 2:15 بجے جبکہ پاکستان میں صبح 6:15 پر کھیلا جائے گا۔