(اُردو ایکسپریس) روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں ایک خوفناک سیریل کلر کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے گھر سے 10 سے زائد افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق، 34 سالہ ملزم اپنے شکاروں کو چالاکی سے پھنسا کر قتل کرتا اور پھر ان کی لاشیں اپنے کچن میں کھودے گئے گڑھے میں دفن کر دیتا تھا۔
روانڈا انویسٹی گیشن بیورو (RIB) کے مطابق، مقتولین کی تعداد 14 ہو سکتی ہے، تاہم فرانزک تحقیقات کے بعد حتمی تعداد سامنے آئے گی۔ حیران کن طور پر، ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مشہور سیریل کلرز کو دیکھ کر قتل کے طریقے سیکھے اور کچھ لاشوں کو تیزاب میں تحلیل کرنے کی بھی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ شخص پہلے بھی ڈکیتی، عصمت دری اور دیگر جرائم میں گرفتار ہوا تھا لیکن ثبوتوں کی کمی کے باعث ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ تاہم، تفتیش جاری رہی، جس کے نتیجے میں اسے دوبارہ گرفتار کیا گیا اور اس کے گھر سے لرزہ خیز شواہد برآمد ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم عام طور پر ان افراد کو نشانہ بناتا تھا جن کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروانے والا کوئی نہیں ہوتا تھا۔ وہ خاص طور پر طوائفوں کو اپنے جال میں پھنسا کر ان کا قیمتی سامان لوٹتا اور پھر گلا دبا کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیتا تھا۔ حکام نے ملزم کا اعترافی بیان قلمبند کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔