(اُردو ایکسپریس) پاکستان ریلوے کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کوئٹہ سے اندروملک ٹرین سروس معطل کردی گئی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کے پیش نظر پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو 3 دن کے لیے معطل کردیا گیا جبکہ کراچی کے لیے جانے والی بولان میل بھی معطل کردی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق آج کوئٹہ سے کوئی بھی ٹرین تاحکم ثانی نہیں چلے گی، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس معطل کی گئی۔
ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ نے بتایا کہ بلوچستان کے لیے تمام مسافر اور مال بردار ٹرینیں اس وقت تک معطل رہیں گی، جب تک سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے علاقے کی کلیئرنس نہ دے دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے اور 500 مسافروں کو یرغمال بنانے کے بعد کلیئرنس آپریشن میں اب تک 27 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ 155 مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا۔
ٹرین صبح ساڑھے نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی، جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزری تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، خود کش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے اور خود کش بمباروں نے تین مختلف جگہوں پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
عورتوں اور بچوں کی خود کُش بمباروں کے ساتھ موجودگی کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی اختیاط برتی جا رہی ہے۔