(اردو ایکسپریس) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے دوران گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے تاہم شام اور رات کے اوقات میں خیبر پختونخوا اور پنجاب کے چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی شام اور رات کے دوران بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں درمیانی سے تیز بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 18 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔کراچی کا مطلع صاف اورموسم آج نسبتاً گرم رہنےکا امکان ہے،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ لاہور کا موسم گرم اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا امکان نہیں ہے،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 21اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔