(اُردو ایکسپریس)ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سٹرکیں بند جبکہ سندھ میں بھی بادل برس پڑے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، مانسہرہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، بالاکوٹ ، وادی کاغان ، ناران اور شوگران میں بارش کے بعد ندی نالوں اور دریاؤں میں ایک بار پھر طغیانی آگئی ، ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی کہ سیاح پہاڑی اور لیند سلائیڈنگ والے علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ایبٹ آباد میں طوفانی بارش سے تاجوال اور باگن کو ملانے والا پل بہہ گیا،پل بہہ جانے سے مقامی آبادی کو سفری مشکلات کا سامنا ہے جبکہ طوفانی بارش سے بیروٹ خوردگورنمٹ مڈل بوائز سکول کی دیوار گر گئی جس سے سکول کی عمارت گرنے کا بھی خدشہ ہے ۔
ادھر مری میں مری ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک کا ایک حصہ متاثر ہو گیا،ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑ سے بڑے پتھر گرنے سے سڑک کا نصف حصہ بند کرنا پڑا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ حصے کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے تاہم ایکسپریس وے کا باقی حصہ کھلا ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، سڑک کی بحالی کا کام فوری شروع کردیا گیا ہے اورایکسپریس وے جلد مکمل طورپرکھول دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظرغیرضروری سفر سے اجتناب کریں اور بارش کے دوران پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں کراچی سمیت اندرون سندھ میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،کراچی کے علاقے شارع فیصل، ایئرپورٹ، ماڈل کالونی اور لانڈھی کے اطراف میں بارش ہوئی ہے،اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس، گلستان جوہر، ناظم آباد اور اطراف میں بھی بادل برسے ہیں۔ خیرپور ناتھن شاہ شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش جاری ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے، شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی