(اُردو ایکسپریس) ملک کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
پنجاب میں لاہور،لودھراں، وہاڑی، بورےوالا، رحیم یارخان، راجن پور اور جہانیاں میں بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں،جہانیاں میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔
سندھ میں گھوٹکی،اوباڑو میں تیز آندھی کے بعد ہلکی بارش ہوئی،قمبر، شہدادکوٹ،سکھراور شکارپور میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ۔
رات گئے لاہور میں متعدد جگہوں پربارش کے بعد موسم خوشگوارہوگیااوردرجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی،بارش کے بعد لاہور کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر کے حساب سے ریکارڈکی گئی ،ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 54 فیصد ریکارڈکیاگیا۔
لاہور کی فضا میں آج تقریباً 78 فیصد بادلوں کا راج ہے اورمحکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر سورج و بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرناک اثرات ظاہرہونے لگے ہیں جس کاثبوت یہ ہے کہ کہیں بارش ہورہی ہے تو کہیں شدید گرمی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا،محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیاہے،شہرقائدمیں آج پارہ 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،النینو کے باعث ملک میں معمول سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے،گرمی کی شدت 40 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا موسم اس وقت گرم و مرطوب ہے،موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اورگرمی کی شدت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے،مغربی سمت سے اس وقت 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ لاہور کی طرح شہراقتدار پربھی بادلوں کا راج ہے اور آج بارش کا بھی امکان ہے،اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان ،کشمیر اور بالائی کے پی کےمیں بھی بارش کا امکان ہے۔