(اُردو ایکسپریس) آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اسرائیلی حملوں میں فلسطینی بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ "بغیر کسی جواز کے جنگ بندی توڑ دی گئی، اور ایک ہی دن میں 130 سے زائد معصوم بچوں کو قتل کر دیا گیا۔”
انہوں نے دوہرا معیار بے نقاب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ "اگر یہ سب کسی اور فریق کے ساتھ ہوتا، تو ردعمل کتنا مختلف ہوتا؟” مزید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "تمام زندگیاں برابر نہیں سمجھی جاتیں، یہ بچے صرف تاریخ کے اعداد و شمار بن کر رہ جائیں گے۔”
عثمان خواجہ نے دنیا کو جھنجھوڑتے ہوئے لکھا کہ "ان بچوں کے بھی والدین، بہن بھائی اور خاندان ہیں، جیسے ہم سب کے ہوتے ہیں۔ ہم اس بربریت کو معمول کی چیز نہیں بنا سکتے، لیکن افسوس، شاید ہم پہلے ہی بنا چکے ہیں۔”
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں حماس کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت 413 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔