(اُردو ایکسپریس) ماہرین نے ایک تحقیق کے ذریعے خبردارکیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی دماغ کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کی حالیہ تحقیق کے مطابق اگر انسان زیادہ تر علمی کاموں میں چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرے تو دماغی سرگرمی اور یادداشت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے گروپ میں یادداشت، سوچ اور تخلیقی صلاحیت والے حصوں میں سرگرمی کم دیکھی گئی جبکہ جو افراد بغیر اے آئی کے کام کرتے تھے ان میں نیورل مشغولیت زیادہ اور ادراکی کارکردگی بہتر رہی۔
تحقیق کے مطابق بہت زیادہ چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے سے تخلیقی سوچ اور یادداشت میں کمی آ سکتی ہے خاص طور پر مطالعے یا لکھائی جیسے کاموں میں،انسانوں کیلئے اس میں یہ سبق ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو اپنی مجموعی ذہانت اور تخلیقی سوچ کی جگہ استعمال نہ کریں،یہ محض ایک ذہنی سپورٹ ٹول ہے، مکمل متبادل نہیں۔