(اُردو ایکسپریس) ٹائم میگزین نے 2025 کا "پرسن آف دی ایئر” مصنوعی ذہانت کے معماروں کو قرار دے دیا ہے،میگزین کے مطابق یہ ماہرین وہ ذہن ہیں جنہوں نے ایسی ٹیکنالوجی تخلیق کی ہے جس کی وجہ سے دنیا ’’سوچنے والی مشینوں‘‘کے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ اس اعزاز میں ایلون مسک، سیم آلٹمین، جیسن ہوانگ، فئی فئی لی، مارک زکر برگ اور دیگر شامل ہیں، جنہوں نے جدید ترین AI ٹیکنالوجی کو تصور سے حقیقت میں تبدیل کر کے عالمی سماجی، معاشی اور ٹیکنالوجیکل رجحانات کو نئی سمت دی۔ ٹائم کے ایڈیٹر اِن چیف سیم جیکبز نے کہا کہ یہ انتخاب دنیا کی توجہ اُن افراد پر مرکوز کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے جو ہماری زندگیوں پر گہرا اثر ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کاوشیں انسانیت کے لیے حیرت انگیز ہونے کے ساتھ ساتھ تشویش کا سبب بھی ہیں، کیونکہ یہ لوگ آج کی دنیا کو بدلنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
میگزین کے خصوصی شمارے میں دو کور آرٹس شامل ہیں، جن میں رہنما افراد کو ایک اونچی عمارت کی بیم پر بیٹھا دکھایا گیا ہے، جبکہ "AI” کے حروف بلوپرنٹ کی مانند تعمیر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔یہ تصویر نہ صرف اختراعات بلکہ اس ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات اور عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات کی شدت بھی ظاہر کرتی ہے۔ معروف امریکی ٹیک مارکیٹ انٹیلی جنس پلیٹ فارم ‘سی بی انسائیٹس’ کے مطابق، 2025 میں AI میں عالمی سرمایہ کاری 200 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ ٹائم میگزین نے گزشتہ برس اوپن AI کے ساتھ کئی سالہ معاہدہ بھی کیا تھا، جس کے تحت ادارہ اپنی نیوز آرکائیوز AI ماڈلز کی تربیت کے لیے فراہم کر رہا ہے، جبکہ چیٹ جی پی ٹی صارفین کو ٹائم کی رپورٹنگ تک ریفرنس بیس رسائی حاصل ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ” پرسن آف دی ایئر” کا اعزاز کسی ایک فرد کے بجائے ان ذہنوں کو دیا گیا ہے جنہوں نے ٹیکنالوجی کے مستقبل کو نئے سرے سے تشکیل دیا ہے، اور جن کا اثر آنے والے برسوں میں مزید گہرا ہونے کا امکان ہے۔
- دسمبر 12, 2025
اے آئی کی معمار ” پرسن آف دی ایئر ” قرار
- by muneeb sardar
- 0 Comments
- 301 Views
Share: