(اُردو ایکسپریس) برازیل میں بلی جیسی آنکھوں کی سرجری کروانے والی سوشل میڈیا سٹار انتقال کر گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیلین فیشن انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر انسٹاگرام پر ‘جونیئر ڈوٹرا’ کے نام سے مشہور تھے اور ان کی عمر 31 سال تھی۔ فیشن انفلوئنسر کا 3 اکتوبر 2025 کو انتقال ہوا جب وہ ‘فاکس آئیز’ کاسمیٹک سرجری کروانے کے بعد پیچیدگیوں کا شکار ہوئیں۔ سوشل میڈیا اسٹار نے مارچ 2025 میں معروف سرجن فرنینڈو گاربی سے سرجری کروائی تھی۔ سرجری کے ذریعے آنکھوں کے کونوں کو اٹھا کر بلی جیسی آنکھوں کی طرح پرکشش شکل میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ سرجری کے بعد ان کے چہرے پر سوجن اور چہرے پر نیلے رنگ نمودار ہوئے، انہوں نے سرجری کے بعد اپنے درد کا اظہار کئی ویڈیوز میں کیا جو وائرل بھی ہوئیں۔
مقامی نیوز چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر نے کہا کہ انہیں سرجری کے بعد انفیکشن ہوا تھا اور وہ ماہر امراض جلد کی نگرانی میں علاج کروا رہی ہیں۔ انہوں نے پولیس سے سرجری کرنے والے ڈاکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی، جس میں اس پر سنگین طبی غلطی، دھوکہ دہی اور جسمانی طور پر شدید چوٹ پہنچانے کا الزام لگایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق فیشن انفلوئنسر کو 3 اکتوبر کو سانس لینے میں دشواری ہوئی تھی جس کے بعد انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ یہ سرجری کے بعد انفیکشن تھا۔