(اُردو ایکسپریس) معروف اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستانی سپر سٹار ہمایوں سعید کو بچہ قرار دے دیا۔ پاکستانی سپر سٹار ماہرہ خان اور سینئر اداکار ہمایوں سعید عیدالاضحیٰ پر اپنی نئی فلم لو گُرو کے ساتھ ایک بار پھر سلور سکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل دونوں اداکار مختلف ممالک کے پروموشنل دوروں پر رہے، جس میں امریکا، برطانیہ اور دبئی شامل ہیں، جہاں انہوں نے مداحوں سے ملاقاتیں کیں اور فلم کو بھرپور انداز میں پروموٹ کیا۔ فلم سے متعلق جاری تشہیری مہم کے دوران دونوں اداکار ایک شو میں شریک ہوئے، اسی دوران ماہرہ خان نے ہمایوں سعید سے متعلق ایک دلچسپ اور منفرد انکشاف کیا۔ ماہرہ خان نے کہا کہ ہمایوں سعید دراصل ایک بچہ ہیں، جب بھی میں اُنہیں دیکھتی ہوں، مجھے یوں لگتا ہے جیسے ایک بچہ ہے جس پر ہمایوں کا چہرہ لگا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُس بچے کے منہ میں چوسنی اور گردن میں ایک چھوٹا سی ’بِب‘ بھی ہوتی ہے۔ ماہرہ خان نے مزید وضاحت کی کہ اگرچہ ہمایوں ایک بالغ شخص نظر آتے ہیں، لیکن اُن کے اندر واقعی ایک معصوم بچہ چھپا ہوا ہے۔ ماہرہ خان کی اس معصوم اور مزاحیہ انداز میں کی گئی گفتگو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کو دونوں اداکاروں کی کیمسٹری اور بےتکلفی پر مبنی دوستی بےحد پسند آ رہی ہے۔