(اردو ایکسپریس) اداکارہ مومنہ اقبال نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کیخلاف تھانہ چوہنگ میں درخواست دے دی۔
اداکارہ کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہاگیاہے کہ ثاقب چڈھر،اہلیہ اور دیگر سہولت کاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، ثاقب چدھڑ نے 2022 میں شادی کی پیشکش کی،لیکن اس کی پہلے سے دو شادیوں کا علم ہوا تو شادی کی پیشکش مسترد کر کے قطع تعلق کر لیا۔
درخواست میں ثاقب چڈھر،اہلیہ اور دیگر سہولت کاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیاکہ ثاقب چڈھر نےمشتعل ہوکر مختلف طریقوں سےجان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، دوسری جگہ منگنی ہونے پر ثاقب چڈھر انتقامی کارروائیاں کرنے لگا،اے آئی تصاویر اور ویڈیوز سے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
درخواست کے متن کے مطابق ثاقب چڈھر کی بیوی کی جانب سے سنگین دھمکیاں دی گئیں۔درخواست کے متن کے مطابق ثاقب چڈھر نے اداکارہ کی بہن رمشااقبال اور منگیتر حمزہ کو بھی مختلف اوقات میں ہراساں کیا، ثاقب چڈھر نے اداکارہ کے منگیتر حمزہ کے خلاف چنیوٹ کے تھانہ بھوانہ میں جھوٹا مقدمہ درج کروایا، ثاقب چڈھر، اسکی اہلیہ سمیرا اور دیگر سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انصاف دیا جائے۔ مومنہ اقبال نے قبل ازیں این سی سی آئی اے میں بھی درخواست دے رکھی ہے۔