(اُردو ایکسپریس) پاکستانی اداکار آغا شیراز کو دل میں اچانک تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آغا شیراز کو دل کی تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بروقت طبی امداد فراہم کی۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی علاج کے بعد اداکار کی حالت میں بہتری آئی اور ڈاکٹرز نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اداکار کی طبیعت ناساز ہونے کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔دوسری جانب آغا شیراز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا۔ اسپتال کے بیڈ سے شیئر کی گئی 2 ویڈیوز میں اداکار کو بہتر حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کی دعاؤں اور خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
ویڈیو کے کیپشن میں آغا شیراز کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان کی طبیعت اب بہتر ہے، تاہم مکمل صحتیابی کے لیے وہ اب بھی مداحوں کی دعاؤں کے محتاج ہیں۔ اداکار کے پیغام کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آغا شیراز کا شمار پاکستان کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے طویل عرصے تک معیاری ڈراموں اور سٹ کامز میں اپنی اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا اداکار ڈرامہ ’ڈگڈگی‘، ’جانے انجانے‘، ’منّا الیکٹریشن‘، ’تم اجنبی ہو‘ اور ’کچا سا خواب‘ جیسے مقبول منصوبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مشہور مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’بلبلے‘ کی متعدد اقساط میں بھی مختلف کرداروں میں نظر آئے، جنہیں ناظرین نے بے حد پسند کیا۔