(اُردو ایکسپریس) بالی ووڈ اداکارہ و رقاص نورا فتیحی نے اپنے خلاف گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ممبئی میں منعقد ہونے والی مبینہ منشیات پارٹیوں میں شریک تھیں۔ نورا فتیحی نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں ان خبروں کو ’جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا نام بلاجواز اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے۔ میں پارٹیز میں شرکت نہیں کرتی، مسلسل سفر میں ہوتی ہوں ، اپنا بیشتر وقت کام میں گزارتی، میرا ان افراد سے کوئی تعلق نہیں جن کا ایسی سرگرمیوں سے واسطہ ہو۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں چھٹی کے دن میں گھر، دبئی کے ساحل یا اپنے سکول کے دوستوں کے ساتھ وقت گزارتی ہوں۔میرا پورا دن و رات میرے کام، خوابوں اور اہداف پر صرف ہوتا ہے۔ نورا نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا ہو۔ ماضی میں بھی جھوٹ کے ذریعے میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، مگر اس بار میں خاموش نہیں رہوں گی۔ نورا فتیحی کا کہنا تھا کہ براہِ مہربانی میرا نام اور تصویر ایسے معاملات میں استعمال نہ کی جائے جن سے میرا کوئی تعلق نہیں، اس کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔نورا فتیحی کا بیان ان میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ، شردھا کپور اور دیگر بالی ووڈ سلیبریٹیز مبینہ طور پر ایک گرفتار منشیات فروش محمد سلیم محمد سہیل شیخ المعروف ’سہیل‘ کی جانب سے منعقد کی گئی ریو پارٹیوں میں شریک ہوئے تھے۔ ممبئی پولیس کو بتایاگیا ہے کہ سہیل یہ پارٹیاں بالی ووڈ اور فیشن انڈسٹری کی شخصیات کے لیے منعقد کرتا تھا، جن میں داؤد ابراہیم کے بھانجے علی شاہ پارکر نے بھی شرکت کی۔ گزشتہ ماہ سہیل کو دبئی سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور اس وقت وہ اینٹی نارکوٹکس سیل (ANC) کی گھاٹ کوپر یونٹ کی تحویل میں ہے۔ اے این سی کے اہلکاروں نے اس امکان کو رد نہیں کیا کہ شیخ کے اعترافی بیان میں نامزد کیے گئے سلیبریٹیز سے پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔