(اُردو ایکسپریس) پنجاب کے دور دراز علاقوں میں شاندار اور جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں الیکٹرک بسوں کی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدا میں 380 الیکٹرک بسوں کی خریداری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں جدید بس سسٹم کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسوں کی سروس کے آغاز کے لیے اگلے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے۔ اس سسٹم کو مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا، جس میں پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ سمیت چھ اضلاع میں بسیں چلائی جائیں گی۔
ان اضلاع میں سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، رحیم یار خان اور ڈی جی خان شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروسز کی شروعات کا بھی اعلان کیا۔ فیصل آباد میں سمندری روڈ سے سرگودھا روڈ تک ریڈ بس سروس اور جڑانوالہ سے جھنگ روڈ تک اورنج بس سروس کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کے لیے 15 دنوں کی مہلت دی اور کہا کہ الیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشنوں کی تعمیر کے لیے بھی جامع پلان پیش کیا جائے۔ علاوہ ازیں، لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ ٹاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کی منظوری بھی دی گئی
مریم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، لاہور ہی نہیں بلکہ باقی شہروں کے عوام کو بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی سہولت ملنی چاہیے۔ یہ قدم ترقی کے سفر میں سب کو شریک کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔“
پنجاب حکومت کا یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور ماحولیات کی بہتری کے لیے اہم ثابت ہوگا، کیونکہ الیکٹرک بسوں کا استعمال آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا اور لوگوں کو ایک آرام دہ اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرے گا۔