پاکستان تازہ ترین

صوابی ۔ کرک ۔ایبٹ آباد ۔کوٹلی۔ ازاد کشمیر بارشوں نے تباہی مچادی

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) ملک کے کئی شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل نے تباہی مچادی ہے۔ صوابی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کرک میں موسلادھار بارش سے متعدد مقامات پر سڑکیں پانی میں بہہ گئیں، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

صوابی
تفصیلات کے مطابق صوابی میں حالیہ بارشوں کے باعث کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ نے ہر طرف تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں کے باعث کئی گھر ڈوب گئے جبکہ متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان کے مطابق صوابی میں داروڑئی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سے 12 گھر ڈوب گئے، جس کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی ہے، انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوچکے ہیں۔

نصراللہ خان نے مزید کہا کہ ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیمیں بلالیا گیا ہے، عوام رضاکارانہ طور پر متاثرہ علاقوں میں مدد کےلیے نکلیں۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نے بتایا کہ گدون میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، سیلابی ریلے کے باعث محصور افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، پانی کم ہونے پر ریسکیو ٹیم نے لوگوں کو چھتوں سے ریسکیو کرلیا۔

ادھر جہانگیرہ روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، تور ڈھیر میں بارش سے نجی اسکول کی دیوار گرگئی۔

صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق
دوسری جانب صوابی کے علاقہ گدون سر کوئی بانڈہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو کے مطابق مکان کی چھت بارش کے باعث گری، حادثے کے وقت متاثرہ مکان میں کل 11 افراد موجود تھے، جاں بحق افراد میں 37 سالہ نیلم، 40 سالہ نعیمہ، 18 سالہ انیس اور ڈیڑھ سالہ ہادی شامل ہیں۔کرک
کرک میں صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث متعدد مقامات پر سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہیں۔

بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی علاقوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل بانڈہ کا ہنگامی دورہ کیا اور بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری امدادی سرگرمیوں کی ہدایت جاری کی ہے۔

ایبٹ آباد
ایبٹ آباد میں حویلیاں ندی دوڑ میں شدید بارش کے طغیانی کے باعث شاہراہ ریشم پر واقع ایوب پل بیٹھ گیا ہے جبکہ پل گرنے کے پیش نظر دونوں اطراف سے ٹریفک کی روانی معطل کردی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو متبادل راستے سے گزارا جارہا ہے۔

کوٹلی آزاد کشمیر
کوٹلی آزاد کشمیر میں موسلا دھاربارش کے بعد دریائے پونچھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے باعث ریسکیو ٹیم نے قریب کے لوگوں کے گھر خالی کروادیے۔

راولا کوٹ
آزاد کشمیر راولا کوٹ میں واقع پونچھ یونیورسٹی کی لیکچرار ڈاکٹر گل لالہ کی گاڑی برساتی نالےمیں بہہ گئی ہے۔

ڈاکٹر گل لالہ تراڑ کے مقام پر نالہ عبور کررہی تھیں کہ اچانک انکی گاڑی بند ہوگئی اور نالہ ٹراڑ میں آنے والا سیلابی ریلا گاڑی کو بہا لے گیا۔ ڈاکٹر گل لالہ کھڑک راولا کوٹ کی رہائشی تھیں۔

پولیس کے مطابق ان کی گاڑی میں کوئی دوسرا شخص سوار نہیں تھا اور وہ خود گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے اپنی جان کی بازی ہار گئیں۔ ریسکیو ٹیم ڈاکٹر کی تلاش میں مصروف ہے لیکن تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا، جن کی تلاش کے لیے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے