(اُردو ایکسپریس) محکمہ موسمیات نے کراچی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم 14 سے 17 اگست تک اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، لاہور، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور، شیخوپورہ، حافظ آباد اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
سوات، دیر، کوہستان، بٹگرام، ہری پور، نوشہرہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے علاقے خضدار، ژوب، موسیٰ خیل اور گر د و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان، گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، پشاور اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے۔
تیز ہوا اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔