(اُردو ایکسپریس) پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی مسافر در بدر ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز دنیا بھر کے سینکڑوں مسافروں کو شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جب ایئر انڈیا کی مختلف پروازوں نے اپنا رخ بدلا۔
رپورٹ کے مطابق سان فرانسسکو اور ٹورنٹو سے آنے والی بھارتی پروازوں کو ڈنمارک میں اتارا گیا، جب کہ پیرس اور لندن سے آنے والی پروازیں مشرقِ وسطیٰ کی جانب موڑ دی گئیں۔ یہ معاملہ اس وقت ہوا جب پاکستان نے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی دھمکیوں کے جواب میں اچانک بھارتی ایئر لائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام متاثرہ طیارے اپنی منزل کی جانب آدھا سفر طے کر چکے تھے جب پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد کیا گیا، خاص طور پر منگل کے روز کشمیر میں پیش آئے ایک حملے کے بعد، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا، تاہم پاکستان کی جانب سے بھارتی الزامات کو مسترد کردیا گیا تھا۔
فضائی حدود کی بندش کے باعث اب بھارت جانے والی پروازوں کو طویل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے سفر کا وقت بڑھ گیا ہے اور ایئر لائنز کو ایندھن اور عملے پر زیادہ خرچ کرنا پڑ رہا ہے