(اُردو ایکسپریس) ملتان کے علاقے بستی ملوک میں افسوسناک واقعہ، خون سفید ہو گیا! سفاک باپ نے انسانیت کو شرما دینے والی لرزہ خیز داستان رقم کر دی۔ سسرال سے ناراض ہو کر میکے آئی بیٹی اور اس کے تین معصوم بچوں کو سنگ دل باپ نے چھری کے وار سے بے دردی سے قتل کر دیا، گردنیں کاٹ دیں۔ بستی ملوک میں اڈا لاڑ کے نواحی گاؤں چک نمبر 14 فیض میں محمد وارث کھوکھر کی بیٹی ارشاد بی بی چند روز قبل اپنے دو بیٹوں 3 سالہ محمد علی، 2 سالہ احمد علی اور 6 ماہ کی بیٹی مہناز بی بی کے ہمراہ سسرال سے ناراض ہو کر والد کے گھر آئی ہوئی تھی۔ معمولی رنجش پر محمد وارث نے بیٹی اور تینوں ننھے نواسوں کو کمرے میں بند کیا، اندر سے دروازہ کنڈی لگا کر چھری سے سب کے گلے کاٹ دیے۔خوفناک قتل عام کی خبر پھیلتے ہی پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ پولیس تھانہ بستی ملوک موقع پر پہنچی، قاتل محمد وارث کھوکھر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، جبکہ لاشوں کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی