پاکستان تازہ ترین

مزید 14 افراد جاں بحق،دیامر میں ہرطرف تباہی، گانچھے میں 60 سے زائد مکانات منہدم

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) ملک بھر میں مون سون کے چوتھے سلسلے کے دوران شدید بارشوں اور طوفانی موسمی صورتحال کے باعث حادثات میں مزید 14 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہو گئے، گلگت بلتستان کے علاقہ دیامر میں ہر طرف تباہی ،ضلع گانچھے میں 60 سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ۔ نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون سے اب تک بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 266 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 628 ہے۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 144 ہوئیں، خیبرپختونخوا میں 63، سندھ میں 25، بلوچستان میں 16، گلگت بلتستان میں 8، کشمیر میں 2 اور اسلام آباد میں 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ادھر گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سکردو میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں شدید تباہی مچ گئی، جہاں 15 لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران مزید لاشیں برآمد ہوئیں اور جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ ننکانہ صاحب کے لاپتہ افراد کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا۔ آزاد کشمیر میں بارش سے تباہ شدہ علاقوں کے راستے بحال نہیں ہو سکے، ہزاروں مسافر اور سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان کا ملک سے فضائی اور زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے جبکہ ضلع گانچھے کے سیلاب متاثرین بدترین مشکلات سے دوچار ہیں۔دیامر میں طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور آبی ریلوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ۔ کئی قیمتی جانیں چلی گئیں جبکہ لاپتا 25 سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ اب تک 300 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔وادی استور اور تھور میں حالات انتہائی خراب ہیں، کئی علاقے آفت زدہ قرار دےدیے گئے ہیں۔

ضلع گانچھے کے مختلف علاقوں میں 60 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، جب کہ ایک پل بھی بہہ گیا، دریائے شیوک میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث کناروں پر کٹاؤ بڑھ گیا اور سڑکیں بند رہیں۔ پنجاب کے جنوبی ضلع راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور جناح بیراج پر درمیانے درجے جبکہ تربیلا، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور ہیڈ قادرآباد پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فصلوں کو کٹاؤ کا سامنا ہے اور مختلف دیہات کی کئی ایکڑ زمین دریا برد ہو چکی ہے۔ این ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی علاقوں اور پنجاب میں آج بھی شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ہری پور کی تحصیل غازی اور خان پور میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ندی نالے بپھر گئے ہیں، جس سے مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حکام نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اٹک میں شینکہ کے مقام پر جاری ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا،ریسکیو اہلکاروں نے دریائے سندھ میں پھنسے 40 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا،ریسکیو آپریشن تقریباً 6 گھنٹے جاری رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے