پاکستان تازہ ترین

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سمیت 32 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھڑ سمیت 32 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے میانوالی میں 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے خلاف کیس کا فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر اور رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت پی ٹی آئی کے 32 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی۔

سزا پانے والوں میں سابق ایم این اے بلال اعجاز بھی شامل ہیں، ملزمان پر پُرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔

ملک احمد بچھڑ کا سزا کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھڑ نے انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا سے سزا کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عدالت نے سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے میں آئین سے ہٹ کر فیصلہ دیا، میرے خلاف قانونی ضابطے پورے کیے بغیر سزا کا فیصلہ سنایا گیا۔

ملک احمد خان بچھر کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترامیم کے بعد حکومت نے عدالتوں کو اپنے تابع کر لیا ہے، 9 مئی کے سیاسی مقدمات میں ہمیں اس طرح کے فیصلوں کی امید ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریری فیصلہ موصول ہونے کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع کروں گا، میری نااہلی کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

قانون ہاتھ میں لینے پر سزا کے لیے بھی تیار رہنا چاہیئے، بیرسٹر عقیل ملک
دوسری جانب وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے، فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملک احمد بچھر سمیت تمام 32 افراد کو قانونی عمل پورا ہونے پر سزا سنائی گئی۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون ہاتھ میں لینے پر سزا بھگتنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیئے، دنیا نے آج انصاف ہوتے ہوئے بھی دیکھ لیا، 9 مئی پر جلاؤ گھیراؤ کے کیس پانی کی طرح شفاف ہیں۔ملک احمد خان بھچر کو 10 سال کی سزا جمہوریت کا قتل ہے، رانا شہباز
پی ٹی آئی کے چیف وہپ رانا شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کو 10 سال کی سزا جمہوریت کا قتل ہے، احمد چٹھہ، رانا بلال اعجاز کی سزا افسوسناک ہے، بلاجواز سزائیں دی گئیں۔

رانا شہباز کا مزید کہنا تھا کہ احمد خان بھچر جہاں سزا ہوئی ان علاقہ سے کوئی تعلق نہیں، آج کا دن جمہوریت کےلیے سیاہ دن ہے، کبھی لاہور تو کبھی فیصل آباد سے فیصلہ آئیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ سے فیصلہ آئیں گے، پوری قوم جانتی ہے ان فیصلوں کا کیا مطلب ہے، لاہور سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی فیصلوں پر احتجاج کرے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے