پاکستان تازہ ترین

ملک بھرمیں طوفانی بارش، بجلی کا نظام درہم برہم،الرٹ جاری

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کی طوفانی بارش سےجل تھل ایک ہوگیا۔
لاہورکے مختلف علاقوں میں تیز بارش کئی گھنٹے تک جاری رہی اور150 ملی میٹر کا ہندسہ عبور کرگئی،صوبائی دارالحکومت میں موسلادھاربارش کے دوران چھتیں گرنے کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ بشیراور 2سالہ زینب شامل ہیں، 8 زخمی افراد کوریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کردیاہے۔
لاہورکے علاقے اچھرہ گنج بخش روڈ پر بھینسوں کے باڑے کی چھت گرنے سے 32سالہ رفاقت اور45 سالہ احسن زخمی ہوئے، نشتر کالونی میں چھت گرنے سے 42سالہ نبیلہ بی بی اور 22سالہ طاہرہ بشیرزخمی جبکہ 50 سالہ بشیرجاں بحق ہوگیا۔
ریسکیوذرائع کے مطابق اندرون ٹیکسالی گیٹ میں چھت گرنے سے 60سالہ راشدہ بی بی زخمی ہوئیں،جبکہ ریلوے اسٹیشن کے قریب چھت گرنے سے 25 سالہ بشریٰ بی بی ،45سالہ افضل،4سالہ عبدالوحید زخمی اور2سالہ زینب جاں بحق ہوگئی۔
اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، بلیو ایریا، آبپارہ، بری امام، بارہ کہو اور میلوڈی میں بادل کھل کربرسے،اس کے علاوہ گجرات، سیالکوٹ، جہلم، حافظ آباد، نارروال، جڑانوالہ، مرید کے اور اوکاڑہ سمیت پنجاب بھر میں شدیدبارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد فیڈربھی ٹرپ کر گئے ۔ دادو، سیہون، جیکب آباد، شہداد کوٹ اور گھڑی خیرو سمیت سندھ میں بھی تیز بارش ہوئی ، بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جبکہ موسیٰ خیل میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز میں مزید تیز بارشیں ہوں گی جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر شہری علاقوں میں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کردیاہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے،بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے،ریسکیو 1122 اور واسا سمیت دیگر ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، نشیبی علاقوں سے پانی کے نکاس کو جلدازجلد ممکن بنائیں، شہر یوں کو کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے