(اردو ایکسپریس) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، گلگت بلتستان، مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ گزشتہ روز پتوکی، اوکاڑہ، چشتیاں، چیچہ وطنی اور بہاولنگر میں بادل برس پڑے، پتوکی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، دریا خان اور گردونواح میں ریت کا طوفان آنے سے درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے
کراچی میں بھی مغربی ہواؤں کے اثرات پڑنے لگے، سرجانی، سہراب گوٹھ، گلشن معمار میں ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہر کے مضافات میں آج گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہیں۔ حب اور گردو نواح میں موسم گرما کی پہلی بارش ہوئی، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں آندھی اور جھکڑ چلنے کی پیشگوئی کر دی گئی، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی لہر برقرار رہی، تربت اور پسنی میں پارا 49 کو چھو گیا، جیکب آباد 48، بہاولنگر میں درجہ حرارت 47 ریکارڈ کیا گیا، سبی، سکھر، روہڑی، موہنجو دڑو میں ٹمپریچر 46 تک جا پہنچا۔