پاکستان تازہ ترین

ٹریفک پولیس کاگداگروں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر بھر میں گداگری کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ اس سلسلے میں تمام ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران اور فیلڈ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر کے کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بوڑھا، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والا نظر نہیں آنا چاہیے، انہوں نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ لمحہ بہ لمحہ فیلڈ سٹاف کو صورتحال سے آگاہ رکھیں تاکہ مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ گداگری کے خلاف خصوصی آپریشن کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ گرفتار افراد کی منتقلی کے لیے بڑی بسیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے اور عادی پیشہ ور گداگروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رات کے اوقات میں ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھکاریوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1,855 گداگروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں 710 خواتین، 742 مرد، 209 بچے اور 204 خواجہ سرا شامل ہیں۔ عادی گداگری اور جعلی معذوری کا بہانہ بنا کر بھیک مانگنے والوں کے خلاف لاہور پولیس کی مدد سے 220 مقدمات بھی درج کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے 1,439 بھکاریوں کو سوشل بیگرز ہومز، ایدھی ہومز جبکہ بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا، سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ افزائی نہ کریں اور اپنی محنت کی کمائی مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے مستند فلاحی اداروں کا انتخاب کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے