پاکستان تازہ ترین

حج انتظامات ڈیجیٹل دور میں داخل، 8 دن میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد عازمینِ حج گھر بیٹھے رجسٹرڈ

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ آن لائن حج پورٹل کے ذریعے صرف 8 دنوں میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد حج درخواستوں کی رجسٹریشن کا ہدف عبور کرلیا ہے، جو سرکاری خدمات کی ڈیجیٹل فراہمی اور ای گورننس کے شعبے میں ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت کے وژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ پاک حج کے ذریعے عازمینِ حج کو گھر بیٹھے آسان، شفاف اور تیز رفتار رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کے ابتدائی آٹھ روز میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد عازمینِ حج نے بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنی حج رجسٹریشن مکمل کی، جسے عوامی سطح پر ڈیجیٹل گورننس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے نئے ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، سہولت اور جدید طرزِ حکمرانی کی جانب ایک مؤثر پیش رفت قرار دیا ہے۔ رجسٹریشن کے بعد اگلے مرحلے میں حج واجبات کی ادائیگی کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

منصوبے کے تحت عازمینِ حج آن لائن حج پورٹل یا موبائل ایپ پاک حج کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے حج واجبات ادا کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے ون لنک کے ذریعے حج واجبات کی وصولی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت عازمینِ حج کو بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی تک تمام مراحل چند کلکس کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے