(اردو ایکسپریس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مؤثر نگرانی کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹوں ،دکانوں، شادی ہالز ،فوڈ چینز، کاروباری مراکز اور دیگر شعبوں میں ہونے والی مالی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی تاکہ ٹیکس چوری کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ کاروباری لین دین اور سیلز کو شفاف بنایا جا سکے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ہر ٹرانزیکشن کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر دنیا کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔
انہوں نے بڑے ریسٹورنٹس میں نقد وصولی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ کو لازمی بنانے کی تجویز پر غور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے قابل عمل سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے معاملے میں ’نو ٹالرنس‘ کی پالیسی اپنائی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ جدید نگرانی کے نظام کے تحت نہ صرف کیمرے بلکہ ڈیجیٹل سسٹمز بھی ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کریں گے۔ انہوں نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولیوں میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ریونیو کلیکشن 250 ارب روپے سے بڑھ کر 346 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پی آر اے کا دائرۂ کار 10 اضلاع سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ ادارے میں انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ، ٹیکس پیئر آڈٹ ونگ اور لیگل ونگ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ مالی سال 27-2026 کے لیے پنجاب حکومت نے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پی آر اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو شاباش دی اور انفورسمنٹ، ہیومن ریسورس اور جدید ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں مزید اضافے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے عوام میں ٹیکس آگاہی بڑھانے کے لیے پی آر اے کے میڈیا ونگ کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی پی آر اے کارروائی کرے، اس کی وجوہات اور تفصیلات جامع انداز میں میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے اور ٹیکس کلچر کو مضبوط بنایا جا سکے۔
- جون 23, 2026
جعلی رسید نہیں، اصل ٹیکس:پنجاب حکومت کا ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ
- by muneeb sardar
- 0 Comments
- 35 Views
Share: