پاکستان تازہ ترین

ملک بھر میں موسم کا نیا رخ، بارشوں کی پیشگوئی، بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر آج سے 15 جون تک الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں طغیانی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، اسی طرح گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دوسری جانب 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے