(اُردو ایکسپریس) ن لیگ کے صدر میاں نواز شریف گلگت میں جلسہ سے خطاب کر رہے ہیں
گلگت: مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں کسی جماعت پر تنقید کرکے ووٹ نہیں مانگتا، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہیں
گلگت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام میرے دل کے بہت قریب ہیں اور کئی برس بعد یہاں آ کر عوام کا جوش و خروش دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ گلگت بلتستان کو دل کے قریب رکھا، تاہم آج علاقے کی سڑکوں کی حالت دیکھ کر افسوس ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ گلگت بلتستان کو آخر کیوں نظرانداز کیا گیا اور وہ ترقیاتی منصوبے کیوں مکمل نہ ہو سکے جو ماضی میں شروع کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے گلگت اور ملحقہ علاقوں میں بہترین شاہراہیں تعمیر کیں، 50 ارب روپے کی لاگت سے گلگت سے سکردو تک سڑک بنائی، ہائیڈل پاور منصوبے شروع کیے، اسپتال اور بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ نلتر منصوبہ بھی مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، جبکہ اربوں روپے خرچ کرکے لواری ٹنل بھی مکمل کی گئی۔
نواز شریف نے کہا کہ یہاں اکثر منصوبے شروع تو ہو جاتے ہیں لیکن مکمل ہونے کا نام نہیں لیتے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو وہ ہر دو تین ماہ بعد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور اپنی نگرانی میں ترقیاتی منصوبے مکمل کروائیں گے۔اپنے خطاب کے دوران نواز شریف نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی مرتبہ دیس نکالا دیا گیا، جیلوں میں ڈالا گیا۔ انہوں نے شرکا سے مخاطب ہو کر کہا، “مجھ سے گلہ نہ کرو، قصور آپ کا بھی ہے، مجھ جیسے بندے کو دیس نکالا کیوں ہونے دیا؟ مجھے کیوں ملک سے باہر جانا پڑا؟”
انہوں نے کہا کہ وہ کبھی کسی کی برائی کرکے ووٹ نہیں مانگتے بلکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جاتے ہیں اور اسی بنیاد پر عوامی حمایت حاصل کرتے ہیں۔