پاکستان تازہ ترین

گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50ہزار جرمانے کی منظوری

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50ہزار روپے جرمانہ عائدکرنے کی منظوری دے دی۔

ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم کردیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی جامع ابلاغ عامہ مہم چلانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک ا جلاس میں عید الاضحی پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیارکرلیاگیا،وزیراعلی ٰمریم نوازشریف نے ہر شہر میں ڈرین،کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کی ہدایت کردی،انہوں نےپرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بھی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

عید الاضحی پر ریلوے کالونیز،اورکنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،پنجاب بھر میں نمایاں 2687کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کاحکم دیاگیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاکہناہے کہ عیدالاضحی پر صفائی کے لئے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے،اعلی صفائی پر انعام اور ستائش اور شکایات پر سزا اور جزا کاعمل ہوگا –

صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے وزیراعلیٰ کوبریفنگ د ی جس میں بتایاکہ چاندرات کے آخری پہر،کمرشل مارکیٹوں، مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں کی صفائی کی جائے گی،عیدالاضحی پر باقیات اور آلائشیں ڈالنے کے لئے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کئے جائیں گے ،ستھرا پنجاب عملہ ڈور ٹو ڈور کولیکشن کرے گا،میونسپل کارپوریشن اور تحصیلوں میں 15،15 اور ہر یوسی میں 4 اضافی لوڈررکشے مہیا کئے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر نماز عید اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب سپرے کیاجائے گا،ستھرا پنجاب کی ٹیمیں عید سے پہلے،یوم عید الاضحی او رعید کے تیسرے روز تک متحرک ہوں گی،ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صفائی سے متعلق عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لئے رکشوں پر منادی کریں گی،صوبہ بھر میں عید صفائی آپریشن میں 176000سینٹری ورکر اور 8ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے،جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کے لئے 3800پرائمری کولیکشن سنٹراور 3100ڈمپنگ سائٹس مقررکی گئی ہیں۔

بریفنگ میں بتایاگیاکہ صوبہ بھر میں باقیات اور آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے7ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے،ڈرین کی صفائی کے لئے ڈی واٹرمشینیں، جیٹر سیٹ اور سیکشن یونٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی،ستھرا پنجاب عید آپریشن کے لئے صوبہ بھر میں 4500خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے،اجتماعی قربانی کیلئے 1200قربان گاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات ہوں گے،عید الاضحی ستھرا پنجاب آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں 40ہزار سے زائداضافی وہیکل استعمال ہوں گی،عید الاضحی پر ستھرا پنجاب آپریشن کے لئے لوڈر رکشہ، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی او رپک اپ ہائر کی جائیں گی،چاند رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی بھی کی جائے گی۔

پنجاب بھر میں 285کیٹل مارکیٹوں اور 171سیل پوائنٹس پر ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صفائی کے لئے تعینات ہوں گی،ستھرا پنجاب کے ہیلپ لائن نمبر1139پر کال کرنے کی سہولت بھی ہوگی،متعلقہ ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا او رمیونسپل کارپوریشن کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے،صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے 11مختلف سورس سے معلومات حاصل کرنے کانظام قائم کیاجائے گا،عید کے تیسرے روز تمام کولیکشن پوائنٹ اور ڈسپوزل کلیئر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے