(اردو ایکسپریس) پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب کے سکول 24 اگست سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔ تعطیلات سے قبل آخری روز طلبہ نے ایک دوسرے کو الوداع کیا اور خوشی و جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ تعطیلات کی خوشی ہے،جلد کام مکمل کر کے رشتے داروں کے گھر جائیں گے، جبکہ کچھ طلبہ نے کہا کہ وہ چھٹیوں میں کمپیوٹر کورسز، انگلش لینگوئج اور مائیکروسافٹ کورسز میں داخلہ لیں گے۔ ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے احکامات پر مکمل عملدرآمد تمام تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امتحانات لینے یا سکول کھولنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے یا ادارہ سیل کرنا بھی شامل ہے۔