(اُردو ایکسپریس) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے رات کے اوقات میں سم کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ریگولیٹری ضوابط پر سختی سے عملدرآمد اور غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام کے لیے اپنی جاری کوششوں کے تحت تمام موبائل فون آپریٹرز کو ملک بھر میں رات 12 سے صبح 6 بجے تک سموں کی فروخت معطل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ ان ہدایات کے تحت تمام مجاز سم فروخت مراکز، خصوصاً فرنچائز اور ریٹیلرز، مقررہ اوقات کی پابندی پر عملدرآمد کریں گے، ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ٹیلی کام قوانین اور ضوابط کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پی ٹی اے کی جانب سے عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف مجاز سیلز آؤٹ لیٹس سے مقررہ اوقات کے دوران سم خریدیں اور اس کی بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں شہری ان ہدایات کی خلاف ورزی کی اطلاع پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، پی ٹی اے ڈیجیٹل اسسٹنٹ، واٹس ایپ نمبر 0315-0055055 یا ٹول فری نمبر 0800-55055 کے ذریعے دیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام صارفین کے تحفظ، سموں کے غیرقانونی استعمال کی موثر روک تھام اور پاکستان میں محفوظ، شفاف اور قابل اعتماد ٹیلی کام نظام کے لیے پی ٹی اے کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔