پاکستان تازہ ترین

نیب کی بحریہ ٹاؤن کراچی کیخلاف کارروائی،ملک ریاض کی 67 ایکڑ پر قائم ’’علی ولا‘‘حویلی منجمد

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملک ریاض کی 67 ایکڑ پر قائم “علی ولا” حویلی منجمد کردی،علی ولا بحریہ ہلز میں قائم ہے جہاں ہیلی پیڈ اور منی چڑیا گھر بھی موجود ہیں۔ نیب کی جانب سے 1338 ایکڑ اراضی بھی منجمد کردی گئی ہے، جس میں بحریہ گرینز اور مختلف پریسنکٹس کی زمین شامل ہے،متاثرہ پریسنکٹس میں 33، 34، 38 تا 40، 42 اور 61 شامل ہیں،نیب کے مطابق منجمد کی گئی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے۔ اس کے علاوہ بحریہ ٹاؤن 2 کی 3150 ایکڑ زمین بھی منجمد کردی گئی ہے،بحریہ ٹاؤن 2 میں محکمہ جنگلات کی زمین استعمال کی گئی جبکہ زمین دھوکہ دہی سے خریدنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ڈی جی نیب کراچی نے اس حوالے سے الگ حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ زمین کسی تیسرے فریق کو منتقل نہ کی جائے،بحریہ ٹاؤن کراچی کو زمین فروخت یا ٹرانسفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ نیب کا ریفرنس نمبر 1/2025 احتساب عدالت کراچی میں دائر کردیا گیا ہے جس میں 17 ہزار 672 ایکڑ سرکاری زمین خردبرد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے،سرکاری زمین کی مالیت 708 ارب روپے بتائی گئی ہے۔ ریفرنس میں سندھ حکومت کے بعض اہلکاروں کی ملی بھگت کا الزام بھی شامل ہے جبکہ ایم 9 موٹروے کے قریب بحریہ ٹاؤن تعمیر کرنے سے متعلق بھی الزامات سامنے آئے ہیں۔ نیب تحقیقات میں بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف نئے انکشافات سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے