پاکستان تازہ ترین

22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کی تجویز زیر غور

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) 22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کی تجویز زیر غور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے انکشاف کیا ہے کہ 22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کی تجویز زیر غور ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں رانا سکندر حیارت نے کہا کہ 11 مئی کو موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوجائے گا، صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ موسم گرما میں سمر کیمپ لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا پنجاب میں شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات کے باعث تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں معمول سے پہلے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے مئی، جون اور جولائی کے لیے جاری ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا، جبکہ ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات 27 سے 29 مئی تک متوقع ہیں، جبکہ 30 اور 31 مئی کو ہفتہ وار تعطیلات ہونے کے باعث طویل وقفہ بن جائے گا۔ اسی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسکول 27 مئی سے ہی بند کر دیے جائیں گے، حالانکہ معمول کے مطابق گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہوتی ہیں۔ دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں میں کمی کی تجویز دی ہے تاکہ تعلیمی دنوں کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 کی جا سکے۔ ادھر نجی اسکولوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران صبح 7 سے 10 بجے تک سمر کیمپس چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں کے حتمی شیڈول کا اعلان موسم کی صورتحال اور رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے