(اردو ایکسپریس) پاکستان سمیت دنیا بھر میں محنت کشوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے،اس موقع پرملک بھر میں آج عام تعطیل ہے۔
یہ دن شکاگو کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے طورپرمنایاجاتاہےجو1886 میں یکم مئی کے دن سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کیے جانے والے استحصال کے خلاف سڑکوں پر نکلے لیکن پولیس نے جلوس پر فائرنگ کرکے سیکڑوں مزدوروں کو ہلاک اور زخمی کردیاتھا جبکہ درجنوں کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے پر پھانسی دیدی گئی تھی۔
یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔پاکستان میں قومی سطح پر یوم مزدور منانے کا آغاز 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہواتھا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات، سیمینارز،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو میں بھی یکم مئی 2026 مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے مگر آج کے دن بھی مزدور اپنے اور اپنے بچوں کے پیٹ کی خاطر محنت مزدوری کرنے میں مصروف ہیں، محنت کش طبقہ حکومتی اقدامات کا منتظرہے،ان کامطالبہ ہے کہ انہیں عملی ریلیف فراہم کیا جائے۔